پاک بھارت کشیدگی؛ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے جانے کا امکان

 سلامتی کونسل

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے والے یونان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر کونسل کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے، جب کہ پاکستان نے عندیہ دیا ہے کہ سلامتی کونسل میں اس معاملے کو اٹھانے سمیت ’تمام آپشنز‘ کھلے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں اس معاملے کو اٹھانے سمیت تمام آپشنز موجود ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ کے صحافیوں کی ایسوسی ایشن (یو این سی اے) کے صدر کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مناسب وقت پر فیصلہ کریں گے۔

یونان کے سفیر انجیلوس سیکیریس نے جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے صحافیوں کو یونان کی ایک ماہ طویل صدارت کے دوران سلامتی کونسل کے کام کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔

انجیلوس سیکیریس نے کہا کہ ہم قریبی رابطے میں ہیں، لیکن پاک بھارت کشیدگی پر سلامتی کونسل کا اجلاس جلد یا کچھ وقت بعد ہو سکتا ہے، ہم دیکھیں گے، ہم تیاری کر رہے ہیں، یہ ہماری (یو این ایس سی) صدارت کا پہلا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی فریق کی جانب سے اجلاس بلانے کی باضابطہ درخواست پیش نہیں کی گئی، لیکن اس طرح کی بحث کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً اگر اجلاس بلانے کے لیے کوئی درخواست آئی، تو یہ اجلاس ہونا چاہیے، کیوں کہ شاید یہ اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا بھی ایک موقع ہے، اور اس سے کشیدگی کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، ہم اسے دیکھیں گے۔

پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے متنبہ کیا کہ موجودہ بحران تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔

 

جدید تر اس سے پرانی