تفصیلات کے مطابق عرب نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے
واضح کیا کہ بغیر اجازت نامے کے حج کرنے یا کوشش کرنے والوں پر 20 ہزار ریال
(قریباً 5,333 امریکی ڈالر) تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ایسے افراد جو غیرقانونی طریقے
سے لوگوں کو مکہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونے میں مدد دیں گے، انہیں 100 ہزار
ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
کسی کو وزٹ ویزے کی سہولت دینا، غیر قانونی افراد کو ہوٹل، اپارٹمنٹس
یا دیگر رہائش گاہوں میں ٹھہرانا، یا کسی بھی طریقے سے ان کی مدد کرنا بھی شامل
ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، ملک بدری، اور 10 سال کے لیے دوبارہ داخلے پر
پابندی بھی لگائی جائے گی۔ خلاف ورزی کے لیے استعمال شدہ گاڑی مجرم یا اس کے ساتھی
کی ملکیت ہوئی تو عدالت اس گاڑی کو ضبط بھی کرسکتی ہے۔
وزارت نے عوام پر زور دیا کہ وہ حج سے متعلق قوانین کی مکمل پابندی
کریں تاکہ حجاج کرام کی حفاظت، سلامتی، اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید
برآں، کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کے لیے مکہ، ریاض، اور مشرقی صوبے کے
رہائشی 911 پر کال کریں، جبکہ دیگر علاقوں کے شہری 999 پر رابطہ کریں۔