چین اور پاکستان کی بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر بات چیت

 story-hero-img

چین اور پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر بات چیت کی ہے جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی تنازعات کو بات چیت اور مفاہمت کے ذریعے حل کرنے کی دانشمندانہ پالیسی کو سراہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے منگل کے روز چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سے ملاقات کی تاکہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی پر بات چیت کی جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ سن ویڈونگ نے کہا کہ چین، پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کو پاکستان کی اس دانشمندانہ پالیسی کو سراہا جو تنازعات کے حل میں بات چیت اور مفاہمت کو ترجیح دیتی ہے۔

صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی ’ایکس‘ پوسٹ کے جواب میں لکھا کہ ’ہم پاکستانی ریاست کی اُس دانشمندانہ اور صابر پالیسی کی بھرپور تعریف کرتے ہیں جو تنازعات کے حل میں بات چیت اور مفاہمت کو ترجیح دیتی ہے۔‘ وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ میں ترکیہ کے کردار کی تعریف کی تھی۔

ترک صدر نے کہا کہ انقرہ پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انقرہ اور اسلام آباد کے درمیان بھائی چارہ، جو دنیا کی چند ہی اقوام کے لیے ایک نایاب نعمت ہے، سچی دوستی کی سب سے خوبصورت مثالوں میں سے ایک ہے۔

 

جدید تر اس سے پرانی