اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنےکی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے یہ اقدام بدھ کو بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔
https://x.com/ForeignOfficePk/status/1925284752111595602
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کا مذکورہ اہلکار ایسے اقدامات میں ملوث پایا گیا جو اس کے سفارتی استحقاق کے منافی تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو 24 گھنٹوں کے اندر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا جہاں انہیں اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا۔
بھارت کی پھر آبی دہشتگردی، کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا
دوسری جانب، بھارت جنگ بندی کے باوجود ایک بار پھر آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے، اور کشن گنگا ڈیم سے بھارت نے دریائے نیلم کا پانی روک لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کے ذریعے دریائے نیلم کا پانی روکے جانے کے بعد دریائے نیلم میں پانی کا بہاؤ معمول سے 40 فیصد کم ہے۔
اس سے قبل حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کشن گنگا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑا گیا تھا، جس سے دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔
موسم گرما میں عموماً گلیشئرز پگھلنے سے دریائے نیلم میں پانی کی سطح بلند رہتی ہے، تاہم بھارت کے پانی چھوڑنے سے یہ سطح مزید بلند ہوجاتی ہے، اور اسی طرح اگر بھارت پانی کا اخراج کم کردے تو پانی نچلی سطح پر چلا جاتا ہے۔