پاکستان اور بھارت کا مئی کے آخر تک ایل او سی سے افواج کو پرانی پوزیشن پر واپس بلانے پر اتفاق

 Wagah Border

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان اور بھارت نے رواں ماہ کے آخر تک لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے افواج کو پرانی پوزیشن پر واپس بلانے پر اتفاق کرلیا ہے، جب کہ بھارت نے اٹاری بارڈر پر جھنڈا اتارنے کی روایتی تقریب دوبارہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی کی علامت کے طور پر بھارت نے سرحد پر روزانہ جھنڈا اتارنے کی تقریب دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا، رواں ماہ کے آغاز میں اس تقریب کو معطل کر دیا گیا تھا۔

یہ اقدام ایٹمی ہتھیاروں سے لیس دونوں حریف ممالک کے درمیان کئی دہائیوں میں ہونے والی سنگین جھڑپ کے بعد سامنے آیا ہے۔

بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ اٹاری-واہگہ بارڈر پر غروب آفتاب کے وقت ہونے والی یہ تقریب منگل کے روز میڈیا کے لیے کھلی ہوگی، جب کہ بدھ کے روز عوام کو شرکت کی اجازت دی جائے گی، یہ مقام بھارتی ریاست پنجاب میں واقع ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تقریب نسبتاً سادہ ہوگی، کیوں کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے سفارتی اقدامات بدستور نافذ ہیں، جن میں زمینی سرحد کی بندش بھی شامل ہے۔

اٹاری-واہگہ بارڈر پر ہونے والی تقریب کئی سال سے سیاحوں کے لیے مقبول مقام رہی ہے، دونوں ممالک سے آنے والے زائرین فوجی اہلکاروں کو جوش و خروش سے مارچ کرتے، دلیرانہ اور پُر وقار انداز میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھنے آتے ہیں۔

روزانہ ہونے والی یہ سرحدی تقریب کئی دہائیوں سے جاری ہے، اور بے شمار سفارتی تنازعات اور فوجی جھڑپوں کے باوجود برقرار رہی ہے۔

 

فوجیوں کی واپسی

ایک سینئر پاکستانی سیکیورٹی اہلکار نے منگل کے روز ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ دونوں ہمسایہ ممالک نے حالیہ تنازع کے دوران تعینات کی گئی اضافی افواج کو امن کے وقت کی پوزیشنز پر واپس بلانے پر بھی اتفاق کیا ہے، یہ اقدام رواں ماہِ مئی کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا۔

سینئر سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اضافی فوجی رواں ماہ کے آخر تک تنازع سے پہلے کی پوزیشنز پر واپس آجائیں گے۔

اہلکار نے بتایا کہ دونوں ممالک نے اضافی افواج اور اسلحہ (جو زیادہ تر پہلے سے ہی سخت نگرانی والے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات تھا) کو مرحلہ وار واپس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ پیش رفت اس کے بعد سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے کہا تھا کہ دونوں فریقین نے سرحدوں اور اگلے مورچوں سے فوری طور پر فوجی کمی کے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان سیکیورٹی عہدیدار کے مطابق یہ تمام اقدامات ابتدائی طور پر 10 دن کے اندر مکمل کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن کچھ معمولی مسائل کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

جدید تر اس سے پرانی