کوئٹہ (آئی آر کے نیوز): بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد شہید، جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی بس تباہ ہوگئی، جب کہ بس میں سوار 4 بچے شہید اور 38 زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے شہید ہوئے۔
جبکہ 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔
حملہ بھارت نے اپنی پراکسیز کے ذریعے کروایا، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد بچے زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں سے کروایا، اسکول جانے والے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج، پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا ہر سطح پر قلع قمع کریں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی اخلاقی پستی اور انسانیت دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔
بھارتی ریاستی دہشت گردی کا یہ مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
بھارت آپریشن بنیان مرصوص میں عبرت ناک شکست کے بعد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت، بدامنی پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو استعمال کر رہا ہے۔
دہشتگردوں نے تمام حدیں پار کرلیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کرلیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال، بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے خضدار میں زخمی ہونے والے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ ان دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، سیکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم اور متحد ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کی متعدد وارداتیں ناکام بنائی ہیں۔
دھماکا دشمن کی عدم استحکام کی سازش ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکی گھناؤنی سازش ہے۔
محسن نقوی نے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، اور کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔