عظمیٰ بخاری کے بیان پر سندھ حکومت کا ردعمل

 شرجیل میمن نے کہا کہ آئین پڑھ کر بیان دیں، وفاق سے کوئی مسئلہ ہے تو گھر پر حل کریں
—فوٹو: ڈان نیوز

کراچی (آئی آر کے نیوز): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری صاحبہ کے بیان پر افسوس ہوا، کیا آپ نے آئین پڑھا ہے، کیا آپ کو آئین پڑھنا آتا ہے؟۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ صدر منظوری دیں گے؟ بلاول بھٹو نے کہا کسی صورت کینال منصوبے کو بننے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 7 کروڑ لوگ اور ان کی معیشت کے مسئلے کو آپ سیاست کہہ رہی ہیں؟ میں سمجھتا ہوں کوئی عقلمند انسان ایسا بیان نہیں دے سکتا، میڈم آپ آئین پڑھ کر بیان دیں، آپ کا کوئی وفاق سے مسئلہ ہے تو گھر پر حل کریں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز واضح پیغام دیا پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، بلاول بھٹو نے ملک کے مسائل، خوشحالی اور سلامتی کی بات کی ہے، انہوں نے تو کہا ہے کہ چاروں صوبوں کو مل کر چلنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو کہہ چکے کہ شہباز حکومت کے ساتھ نہیں عوام کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر چولستان کینال منصوبے کی مخالفت کی ہے، 18 اپریل کو تمام ایشوز پر حیدرآباد میں جلسہ کریں گے۔

 

جدید تر اس سے پرانی