صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت میں بتدریج بہتری

 Image

کراچی (آئی آر کے نیوز): صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت بتدریج بہتر ہورہی ہے، کل یا پرسوں تک انہیں ہسپتال سے رخصت دیکر گھر بھیج دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے بتایا کہ کورونا کا کم اثرات والا ویرینٹ اب بھی پھیل رہا ہے، سیاسی مخالفین جو بھی بات کریں، کسی بھی بات کو ٹوئسٹ کرتے رہیں، افواہیں نہیں پھیلانی چاہئیں، بھارتی میڈیا ہمارے سوشل میڈیا سے باتیں اٹھاکر مین اسٹریم میڈیا پر پروپیگنڈا کرتا ہے، اس لیے ہمیں احتیاط کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت سے متعلق آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنائی گئی ویڈیوز پھیلاکر صحت کی افواہیں پھیلائی گئیں، کورونا ابھی بھی پاکستان میں موجود ہے، اینٹی وائرس دوائیاں اب آگئی ہیں، سوشل میڈیا پر جو خبریں چل رہی ہیں وہ مناسب نہیں، صدر مملکت کو بلڈ پریشر اور شوگر ہے۔

ذاتی معالج نے کہا کہ صدر مملکت کی صحت بالکل ٹھیک ہے، آصف زرداری کی ملاقاتوں پر پابندی ہے، صرف ڈاکٹرز کو ہی ان تک رسائی حاصل ہے، ماہر ڈاکٹرز کا پینل آصف زرداری کی صحت کو مانیٹر کررہا ہے۔

ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ آصف علی زرداری کے اہل خانہ کو روزانہ کی بنیاد پر صحت سے متعلق آگاہی دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری کے کورونا میں مبتلا ہونے اور انہیں آئیسولیشن میں رکھنے کی تصدیق کی گئی تھی۔

 

جدید تر اس سے پرانی