
لاہور (آئی آر کے نیوز): وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اپنی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی پر خوب گرجیں، پیپلزپارٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خطوط لکھنے والے ملک کو سری لنکا بنانا چاہتے تھے، جو ناکام ہوگئے، بلاول بھٹو کی تقریر میں کینال کے معاملہ پر انہوں نے کہا کہ کینال پر منظوری صدر زرداری کی زبانی کلامی نہیں دستاویزی ہے، اس معاملے پر سندھ میں کی جانے والی سیاست تکلیف دہ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو کی جانب سے کینال کے معاملے پر تقریر کے حوالے سے کہا کہ بھارت نے اپنا والاحصہ آباد کر دیا ہے، پنجاب کا پانی کس طرح تقسیم کرتے ہیں، سیلاب کے دنوں میں پانی ضائع ہوتا تو اسے مینج کرنے کی ضرورت ہے۔
جبکہ پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ٹکڑوں میں تقسیم ہوکر ایک دوسرے کی کرپشن کے پول کھول رہے ہیں، گنڈا پور کی تو کرسی خطرے میں ہے جس پر وہ عزت بچانے کے لیے وفاق پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس سے ہم ڈرنے والے نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دینا شہباز شریف کا تاریخی اقدام ہے، آئندہ چند روز میں ایک اور بڑی خوشخبری وزیراعظم عوام کو دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان سہولت بازار میں ایک ارب 11 کروڑ روپے کی عوام کو چیزوں پر بچت ہوئی، 3 ارب 57 کروڑ روپے کی رمضان بازاروں میں خریداری ہوئی، 28 ہزار لوگوں نے 3 کروڑ روپے کی فری ہوم ڈیلیوری کی آفر کے تحت رمضان بازار سے سامان منگوایا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 13 نئے سہولت بازار اگست تک بنائیں گے اور پنجاب میں اوورچارجنگ کرنے پر ٹرانسپورٹرز کو 22 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جب کہ 11 لاکھ روپے مسافروں کو واپس دلوائے گئے ہیں۔