پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لے بیٹھی

 Pakistan Stock Exchange crosses historic 60,000 points mark

کراچی (آئی آر کے نیوز): پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو لے بیٹھی، مارکیٹ میں کاروبار کے دوران انڈیکس میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، تجزیہ کاروں نے بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کو مندی کی وجہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو صبح 11 بجکر 19 منٹ پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3191.14 پوائنٹس یا 2.78 فیصد کی کمی سے ایک لاکھ 11 ہزار 681 پوائنٹس پر پہنچ گیا جو منگل کو ایک لاکھ 14 ہزار 872 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل کا کہنا ہے کہ اس کمی کی وجہ آئندہ چند روز میں ممکنہ حملے کی خبریں ہیں۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار پاکستان کے خلاف ممکنہ بھارتی فوجی کارروائی سے پریشان ہیں، وزیر اطلاعات کی پریس بریفنگ کے بعد خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

چیس سکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات کے اس بیان کے بعد مارکیٹ دباؤ میں ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے اندر فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ میں ریسرچ کی سربراہ ثنا توفیق نے بھی اس گراوٹ کا بنیادی سبب بھارت اور پاکستان کے درمیان جغرافیائی سیاسی تناؤ کو قرار دیا۔

 

جدید تر اس سے پرانی