اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): خواتین کے عالمی دن پر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) سینیٹر شیری رحمٰن نے سینیٹ میں قرارداد پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق شیری رحمٰن نے قرارداد میں کہا کہ حکومت خواتین کے لیے کاروباری مواقع میں اضافہ کرے، خواتین کو اپنی صحت سے متعلق فیصلوں کا حق دیا جائے اور کم عمری کی شادیوں پر پابندی لگائی جائے، خواتین کو قانونی حقوق اور انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔
قرارداد مین شیری رحمٰن نے مطالبہ کیا کہ صنفی بنیاد پر تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسانی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، غیرت کے نام پر جرائم پر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سخت سزائیں دی جائیں،
خواتین کے لیے مساوی تنخواہوں اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں،
خواتین کی قیادت اور کاروبار میں شمولیت بڑھانے کے لیے اسکالرشپ اور رہنمائی پروگرام متعارف کرائے جائیں۔
عالمی یوم خواتین پر پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ، چائلڈ کیئر اور ڈیجیٹل وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے، خواتین کو زراعت اور خوراک کی پیداوار میں شامل کرنے کے لیے زمین کے حقوق اور مالی معاونت دی جائے۔
شیری رحمٰن نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ لڑکیوں کی معیاری تعلیم، ڈیجیٹل رسائی اور ہنر سازی کے مواقع میں اضافہ کیا جائے، خواتین کھلاڑیوں کے لیے سرمایہ کاری اور کھیلوں میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں، خواتین کے فن، ادب اور ثقافتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے حکومتی سرپرستی فراہم کی جائے۔
قرارداد میں امتیازی سلوک کے خلاف سخت قوانین اور مساوی تنخواہ کے اصولوں کو نافذ کرنے، خواتین کی آواز کو میڈیا اور پالیسی سازی میں مزید مضبوط کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام شعبوں میں خواتین کی مکمل شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔