بالی وڈ کے بےتاج بادشاہ امیتابھ بچن نے حیران کن اعتراف کرڈالا

 


بالی ووڈ انڈسٹری کے بےتاج بادشاہ اداکارامیتابھ بچن نے کہا ہے کہ میں یہ چیز تسلیم کرتا ہوں کہ زائد العمری کے باعث میری یادداشت کمزور ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے  ان خیالات کا اظہارحال ہی میں اپنے بلاگ میں کیا جہاں انہوں نے اپنی بڑھتی عمر کے ساتھ کام میں پیش آنے والی مشکلات پراظہار خیال کیا۔

امیتابھ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ مجھے اب مکالمے یاد رکھنے میں دقت ہوتی ہے، پروگرام یا فلم کے سیٹ پر غلطیاں کرتا ہوں اور اکثر ہدایت کار سے ایک اور موقع دینے کی درخواست کرتا ہوں تاکہ اپنی کارکردگی بہتر بنا سکوں۔

اداکار نے لکھا کہ کام کے حوالے سے میٹنگز ہوتی رہتی ہیں اور یہ ایک امتحان بن جاتا ہے کہ کیا لینا ہے، کس چیز کو مسترد کرنا ہے اور کسے ٹھکرا دینا ہے۔

بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار نے مزید کہا کہ میری فکر ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ مجھے جو کام ملا ہے، کیا میں اسے انصاف کے ساتھ کر پاؤں گا؟ اس کے بعد کیا ہو گا، یہ سب دھندلا سا لگتا ہے، پروڈکشن، مارکیٹنگ  یہ سب میرے لیے ایک نامعلوم اور ناقابل فہم پہلو ہیں۔

اپنے بلاگ میں بگ بی نے واضح طور پر تسلیم کیا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف مکالمے یاد رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے بلکہ دیگر عمر سے متعلق چیلنجز بھی درپیش ہوتے ہیں جن کا سامنا کرنا ضروری ہوتا ہے، جب آپ گھر آتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ کئی غلطیاں کیں اور انہیں کیسے درست کیا جائے؟ تب آدھی رات کو ہدایت کار کو فون کر کے مزید ایک موقع مانگتا ہوں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ کے شہنشاہ کے حالیہ پراسرار ٹوئٹس نے ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع کر دی تھیں تاہم بعد میں انہوں نے اپنے مشہور شو کون بنے گا کروڑ پتی میں مزاحیہ انداز میں وضاحت دی اور ان افواہوں کو مسترد کردیا۔

 


جدید تر اس سے پرانی