اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اپنے بھائی کو مکمل صحت مند قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے بارے میں پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اب افواہ چل رہی ہے کہ عمران خان کے دماغ میں کوئی انفیکشن ہوا ہے، ذاتی معالج کی ان سے ملاقات نہیں کرارہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بالکل صحت مند اور خوش لگ رہے تھے، ان کے کان میں کوئی تکلیف نہیں نہ کوئی اور بیماری ہے۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے الزامات کے بعد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں سابق ویراعظم عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پمز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، جہاں عمران خان کا چیک اپ 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ جیل ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کو کچھ دوائیاں تجویز کی ہیں۔
بتایا گیا کہ یہ جانچ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے حال ہی میں لگائے گئے الزامات کے بعد کی گئی ہے، خاص طور پر اس کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا ہے اور ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو ان کی بہنوں یا دیگر رشتہ داروں سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کا طبی معائنہ کرنے کیلئے 4 رکنی ٹیم کی سربراہی ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر الطاف حسین نے کی، ٹیم کے دیگر ارکان میں ہسپتال کے ڈینٹل ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر عمر فاروق، جنرل میڈیسن کے ڈاکٹر محمد علی عارف اور جنرل سرجری کے ڈاکٹر تاشفین امتیاز شامل تھے۔