اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے اگر امریکا اپنے چھوڑے گئے ہتھیار افغانستان سے واپس لے لیتا ہے تو اس سے خطے میں امن بحال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار خطے میں امن کی صورتحال کے لیے سنگین مسئلہ ہے، امریکا کے ساتھ سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت تسلسل سے جاری ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات کا چاہتا ہے لیکن افغانستان کی سر زمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور پاکستان بار ہا اس حوالے سے افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر افغان فورسز کی جانب سے متنازع علاقے میں چوکیاں بنانے کی وجہ سے بند ہوا ہے، پاکستان طورخم بارڈر پر ہونے والے انتشار کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان افغان عبوری حکومت سے اس معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو امریکی قومی سلامتی کونسل کے مشیر کی کال موصول ہوئی، انہوں ںے دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں پر صدر ٹرمپ کی تعریف اور شکریہ ادا کیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے قومی سلامتی کے مشیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار تسلیم کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشتگردی مین اہم کردار اداکیا، امریکی صدرنے افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کےکردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے امریکا کےساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے، ہمارا عزم ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھیکیں۔ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنے پختہ عزم، غیرمتزلزل وابستگی پر قائم ہیں، 80 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں سمیت پاکستانیوں نے قربانیاں دیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔