"چاند 2 دن کا ہے" تنقید کرنے والے شہری کیخلاف پیکا کے تحت مقدمہ

 Moon, Body, Meet, Islamabad

بنوں (آئی آر کے نیوز): پولیس نے بنوں میں علما کے خلاف نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر ایک شہری کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

 اس حوالے سے ڈان اخبار میں رپورٹ شائع ہوئی ہے جس کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ماماش خیل کے رہائشی ابرار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، جس میں اس نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اعلان نہ کرنے پر علمائے کرام کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا زبان کا استعمال کیا تھا۔

   اس ضمن میں مولانا عبدالغفار قریشی یہ معاملہ صدر پولیس کے علم میں لائے جس پر قانونی کارروائی شروع کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب، ایف آئی آر میں شکایت کنندہ مولانا عبدالغفار قریشی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم ابرار نے ماہِ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان نہ کرنے پر علما کی مذمت کی تھی۔

 ملزم کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ چاند 2 دن کا ہے، بنوں اور پاکستان کے علما نے ہمیں پہلے روزے سے محروم کردیا ہے۔


جدید تر اس سے پرانی