تل ابیب: (آئی آر کے نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس سے جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دیدی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج عنقریب دوبارہ شدید لڑائی اور جنگ شروع کرے گی جو حماس کو مکمل شکست دینے تک جاری رہے گی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان کسی بھی وقت دوبارہ جنگ چھڑ سکتی ہے، کیونکہ اس سے قبل بھی اسرائیل ماضی میں قیدیوں کی رہائی کے بعد جنگ شروع کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا ہے۔
رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیتن یاہو کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد غزہ پر حملے کو ضروری خیال کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے دوبارہ جنگ کیلئے اسرائیل نے ریزروفوجیوں کوبھی طلب کرلیا۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
دونوں صدور نے گفتگو میں یوکرین جنگ ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں ملاقات پر اتفاق بھی کیا۔
انٹرنیشنل میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق گفتگو کے دوران روسی صدر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ماسکو آنے کی دعوت بھی دی۔ اس کے علاوہ پیوٹن اور ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ، دو طرفہ تعلقات، یوکرین اور امریکا و روس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر گفتگو کی۔
دونوں صدور کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں، خصوصاً یوکرین کے مسئلے پر گفتگو ہوئی۔ ساتھ ہی ساتھ امریکی حکام کی روس میں میزبانی پر آمادگی کا اظہار بھی کیا گیا۔
ایک اہم ڈویلپمنٹ یہ دیکھنے کو ملی کہ پیوٹن اور ٹرمپ نے رابطے جاری رکھنے اور بالمشافہ ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے آج روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات کی تاکہ یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے فوری مذاکرات شروع کیے جاسکیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پیوٹن نے آخری بار کسی امریکی صدر سے فروری 2022 میں بات کی تھی جب انہوں نے یوکرین پر حملے سے قبل اس وقت کے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی۔