
راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اخراجات 7 لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں کے کھانے اور دیگر ضروریات کے اخراجات ماہانہ 7 لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کا جیل میں ماہانہ خرچ 4 سے 5 لاکھ روپے تھا جب کہ اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل میں آنے سے اخراجات میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا، عمران خان کا خاندان کھانے سمیت دیگر اخراجات برداشت کررہا ہے۔
ذرائع نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم ناشتہ، دوپہر اور رات کھانے کا منیو خود سیٹ کرتے ہیں جب کہ عمران خان اور بشری بی بی کا کھانا الگ کچن میں مشقتی تیار کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی ناشتے میں فریش جوسز اور پھل کھانا پسند کرتے ہیں جب کہ دن میں 3 مرتبہ کافی پیتے ہیں اور تیاری کے بعد کھانا نیوٹریشنٹس چیک کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، عمران خان دیسی مرغ کی یخنی کا بھی استعمال کرتے ہیں۔
جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا مینوئل اکاونٹ ہے، اکاونٹ میں رقم عمران خان کی فیملی جمع کراتی ہے جب کہ اکاونٹ میں پیسے کم ہونے پر فیملی کو آگاہ کیا جاتا ہے۔