عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی دوستوں سے ملاقات نہ کروانے پر بڑا حکم جاری

Security officers escort Pakistan's former Prime Minister Imran Khan

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی دوستوں سے ملاقات نہ کروانے پر سیکرٹری داخلہ و سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر دو مختلف درخواستوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار آفس درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلے کا مجاز نہیں، درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق صرف عدالت اختیارات استعمال کر سکتی ہے۔

فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ توہین عدالت عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر دائر کی گئی ہے، چیف جسٹس کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات سے متعلق درخواست زیر سماعت ہے، یہ درخواست بانی پی ٹی آئی کی دوستوں سے ملاقات نہ کروانے پر دائر کی گئی ہے اور اس درخواست کا چیف جسٹس کی عدالت میں زیر سماعت درخواست سے تعلق نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست کے ساتھ 28 جنوری 2025 کا عدالت عالیہ کا حکم نامہ منسلک کرنے کی ہدایت کر دی۔

بعد ازاں، عدالت نے دونوں توہین عدالت کی درخواستوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

دوسری جانب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی اے سی جنید اکبر، رؤف حسن، شیر علی ارباب اور ڈاکٹر امجد کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

 

جدید تر اس سے پرانی