پشاور (آئی آر کے نیوز): خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے کے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے۔
جبکہ علی امین گنڈاپور نے اسی اثناء میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مناظرے کا چیلنج بھی دیدیا۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم 4ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اور ہر بچی کو 2لاکھ روپے دے رہے ہیں۔ چیلنج کرتا ہوں پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، میں اس پر مناظرے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے۔ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا ہے ، باقی کسی دوسرے صوبے نے نہیں کیا۔ پنجاب کو آئی ایم ایف کی طرف سے 300 ارب روپے سرپلس کا ہدف دیا گیا تھا، پنجاب حکومت نے الٹا 146 ارب روپے کا خسارہ کیا۔