شیخ وقاص اکرم نے پوری پختونخوا حکومت بیچ دی: فواد چوہدری کا الزام
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سینئر سیاستدان فواد چوہدری نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنی پوسٹ میں فواد چوہدری نے لکھا کہ شیخ وقاص اکرم نے پوری پختونخوا حکومت بیچ دی، عمران خان کو بتایا گیا کہ ملائیشیا میں اربوں روپے کی پیمنٹ کی، مصدق عباسی معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ شیخ وقاص اکرم نے افغان مجاہدین کو اسلحہ سپلائی کرنے کے دھندے سے کیریئر کا آغاز کیا، شیخ وقاص نے پرویز مشرف، پرویزالہٰی، فریال تالپور، حمزہ شہباز سے پیسے بٹورے۔
شیخ وقاص اکرم اب تحریک انصاف کی فنڈنگ، صوبائی بجٹ پر عیش کر رہے ہیں، فراڈ کا اندازہ لگائیں کہ پی ٹی آئی میں سیکریٹری جنرل منتخب عہدہ ہے۔
فواد چوہدری نے پی ٹی آئی قیادت پر الزام عائد کیا کہ سلمان راجا، شیخ وقاص اور رؤف حسن جعلی اکاؤنٹس چلوا رہے ہیں، جنہوں نے عمران خان اور پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔
فواد چوہدری نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ سلمان اکرم راجا خود کو سیکریٹری جنرل کہہ کر فنڈز لے رہے ہیں، سلمان اکرم نے نواز شریف سے کروڑوں روپے فیس لی، سلمان اکرم راجا پاناما سے لے کر حدیبیہ تک ہر گندے کام میں معاون اور پارٹنر رہے۔
فواد چوہدری کے مطابق سیاسی کمیٹی کے تیسرے رکن رؤف حسن ہیں جو ساری عمر تنخواہ دار ایجنٹ رہے ہیں، رؤف حسن نے 5 کروڑ روپے سے زائد رقم پی ٹی آئی سے تنخواہ کے طور پر وصول کرلی، آخر انقلاب مفت تو نہیں آتا؟
دوسری جانب، پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نےفواد چوہدری اور پارٹی کے وکیل رہنما شعیب شاہین کے درمیان جھگڑے پربیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کاحملہ ایک مجرمانہ اقدام ہے اور ماضی میں بھی ایسےکئی واقعات فوادچوہدری سےمنسوب ہیں۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ دو روز قبل لڑائی کا واقعہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان پیش آیا، جس میں ایک دوسرے پر گالیوں اور تھپڑوں کی بوچھاڑ کردی گئی۔ لڑائی کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں۔
فواد چوہدری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹاؤٹ ہو، جس پر شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے کہا کہ اپنے کام سے کام رکھو۔
دیکھتے ہی دیکھتے دونوں رہنماء آپس میں لڑ پڑے۔ فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ دے مارا جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گرگئے۔ تھپڑ لگنے اور نیچے گرنے سے شعیب شاہین کے بازو پر چوٹ آئی۔
لڑائی کے موقع پر موجود جیل عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور لڑائی سے چھڑایا۔ بعد ازاں فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔