سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے 19 فروری سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کی پیشگوئی کی ہے۔
یاد رہے کہ بابراعظم جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے
خلاف ختم ہونے والی سہ ملکی سیریز میں پاکستان کی جانب سے اوپننگ کرتے ہوئے تین
اننگز میں 20.67 کی اوسط سے صرف 62 رنز ہی بنا سکے تھے۔
صائم ایوب کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے
بعد پاکستان فخر زمان کے لیے موزوں اوپننگ پارٹنر کی تلاش میں ہے جب کہ پاکستان کے
ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بابر کی حالیہ جدوجہد کے باوجود اوپننگ کی حمایت کی ہے۔ ہیڈ
کوچ کا ماننا ہے کہ بابر ہی فخر زمان کے ساتھ سب سے موزوں اوپنر ہیں۔
آکاش چوپڑا نے سعود شکیل، خوشدل شاہ اور ابرار احمد کے حوالے
سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حوالے سے خصوصی جانچ پڑتال کی جانی چاہیے۔ آکاش چوپڑا
نے پاکستانی پلیئنگ الیون سے متعلق کہا کہ میں فخر زمان کے ساتھ سعود شکیل کے بارے
میں سوچ رہا ہوں کیونکہ صائم ایوب اب ٹیم میں نہیں ہیں، تیسرے نمبر پر بابر اعظم،
4 پر محمد رضوان اور پھر سلمان آغا، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم
شاہ، حارث رؤف، اور ابرار احمد۔
انہوں نے مزید کہا کہ 3کھلاڑیوں پر تھوڑا سا اضافی فوکس
ہوگا جن میں سعود شکیل، کیونکہ ہم اسے پہلی بار کھیلتے ہوئے دیکھیں گے، خوشدل شاہ،
کیونکہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں ثابت شدہ آل راؤنڈر ہیں لیکن کیا وہ ون ڈے میں اچھی
کارکردگی دکھا سکتے ہیں؟ اور ابرار احمد۔
واضح رہے کہ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، نیوزی لینڈ
اور بنگلا دیش کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
آکاش چوپڑا نے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے پاکستان کی
حمایت کی، انہوں نے بابراعظم کی کارکردگی اور پاکستان کی کامیابی کے درمیان مضبوط
تعلق پر زور دیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کی پیشگوئی
سعود شکیل، فخر زمان، بابراعظم، محمد رضوان، سلمان علی
آغا، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا افتتاحی میچ 19 فروری کو نیوزی
لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔