
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ریلوے انتظامیہ مسافروں کو محفوظ سفری سہولت دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
ایکسپریس نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ مکمل نہ ہوسکا جس کے باعث ٹرینیں پٹڑی سے اترنے لگیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سکھر کے بعد اب لاہور ڈویژن میں بھی ٹرینوں کا پٹڑی سے اترنا معمول بن گیا ہے۔
لاہور ڈویژن میں ایک ماہ کے دوران 4 ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں۔ گزشتہ ماہ شاہدرہ پل پر شالیمار ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرین کی 3 بوگیاں شاہدرہ پل سے ڈی ریل ہوئیں۔ اسی طرح 18فروری کو مغلپورہ کینال برج پر مال گاڑی کی ایک کوچ پٹڑی سے اتری۔
علاوہ ازیں 20فروری کو بھی کوٹ رادھا کشن میں مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا اور 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ بعد ازاں 22فروری کو اوکاڑہ میں مال گاڑی کو افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں 5سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور مال گاڑی کا انجن ٹریک سے ملحقہ مین روڈ پر پہنچ گیا۔