پنٹاگون کی فوج کو ایران کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت، امریکی میڈیا کا انکشاف

 


واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے ممکنہ فیصلے کے پیشِ نظر تیاریاں مکمل کرنا شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی وسائل اور عسکری سازوسامان بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینٹاگون نے امریکی فوج کو ایران کے خلاف ممکنہ کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان تیاریوں میں خطے میں اضافی فوجی اثاثوں کی تعیناتی بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس پیش رفت کا مطلب یہ نہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، تاہم امریکی فوج ممکنہ آپریشن کے لیے اپنی تیاری مکمل کر رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوئیں تو ان میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ ممکنہ اہداف میں ایران کی جوہری تنصیبات، توانائی کے مراکز اور اہم بنیادی ڈھانچہ شامل ہوسکتا ہے۔ ایگزیوس کے مطابق، ایسی کسی کارروائی میں اسرائیلی فوج کی شمولیت کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم فی الحال یہ تمام امکانات ہیں اور امریکی قیادت کی جانب سے کسی نئے فوجی آپریشن کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

امریکی فوج کی یہ تیاریاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی رابطوں کے ذریعے تنازع کے حل کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ فوجی تیاریوں سے خطے میں ممکنہ کشیدگی میں اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی