جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

 


لاہور (آئی آر کے نیوز): جنوبی پنجاب میں دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خدشہ ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے اس حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، ماحولیات، صحت، لائیو اسٹاک، جنگلات، تعلیم، ریسکیو 1122 اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو مراسلے جاری کر دیے ہیں۔ کمشنرز بہاولپور، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال کے مطابق جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک موسم برقرار رہنے کا خدشہ ہے، جس سے زرعی زمینوں میں نمی کی کمی اور آبی وسائل پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر خشک سالی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے جبکہ پی ڈی ایم اے اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھی جائے۔

جدید تر اس سے پرانی