لاہور (آئی آر کے نیوز): جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، ہمارے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں، ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے، ریاستی جبر اور رکاوٹوں نے مجھے لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے، ہم ملک میں امن کے داعی ہیں، قیامِ امن کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ امیر جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں، ان شاء اللہ اُن کی سازشیں بے نقاب ہوں گی، جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے، جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، ہم نے وطن سے محبت کی ہے، وطن سے وفا کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔
