اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان بچانے کے لیے نئے صوبے ناگزیر ہیں، خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو ذمہ داری بلاول پر ہوگی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ہیپاٹائٹس فری پاکستان پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ آج ہم ایک اہم دن کے حوالے سے یہاں یکجا ہوئے ہیں، 7 ہزار روپے کا ٹیسٹ حکومت شہریوں کے لیے بالکل مفت کر رہی ہے۔ یہ 70 ارب روپے کا مکمل پروجیکٹ ہے، جس کے لیے ہمیں ایک ارب روپے ملے اور ہم نے اسلام آباد سے اسکریننگ کا آغاز کیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ نادرا سے معاہدہ کیا ہے، اسکریننگ کاغذ پر نہیں ہوگی اور جس کا ٹیسٹ ہو رہا ہے اس کا ریکارڈ نادرا کے پاس محفوظ رہے گا۔ اسلام آباد میں ہم ایک لاکھ 50 ہزار لوگوں کی اسکریننگ کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان میں ایک کروڑ 10 لاکھ شہری ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابل افسوس پہلو ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں اس بیماری میں سرفہرست ہے، تاہم اگر اس بیماری کا پتا چل جائے تو علاج موجود ہے اور صرف 3 ماہ کے علاج سے اس سے چھٹکارا ممکن ہے۔ ہیپاٹائٹس پھیلنے کی بہت ساری وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کی بہت بات ہو رہی ہے، کل بلاول بھٹو کے ایک بیان پر مجھے بہت افسوس ہوا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر میں خون بہے گا، یہ سارے علاقے برسوں سے مہاجروں کے ہیں۔ ان کو احساس نہیں کہ گزشتہ 18 سال سے مہاجروں کی نسل کشی ہو رہی ہے۔ بے نظیر کی شہادت پر کراچی کا بڑا حصہ جلایا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لاڑکانہ سے لے کر کراچی تک مہاجروں کی دکانوں کو جلایا گیا، بی بی کو شہید مہاجروں نے نہیں کیا۔ میں نے سمندر کے اندر پانی کی لائن ڈال کر لوگوں کو پانی مہیا کیا، پیپلز پارٹی میری ایک گز زمین نہیں نکال سکی، ہم نے کراچی میں را کے نیکسز کو توڑا ہے۔
