اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی حکومت نے ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا، جس کے تحت عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرلی گئی ہیں۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری ٹینڈر دستاویزات کے مطابق گندم درآمد کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔ عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹینڈر کے تحت بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر پابندی ہوگی۔ جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی دینا ہوگی۔
گندم کی درآمد کے خواہشمند سپلائرز کے لیے کم از کم 5 سال کا برآمدی تجربہ اور گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم سال 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہیے، جس میں نمی کی زیادہ سے زیادہ شرح 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کی مقدار کم از کم 23 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ غیر معیاری گندم مسترد کردی جائے گی، جبکہ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی طور پر کم ترین لاگت کی بنیاد پر ہوگا۔
