اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ نے ایوان کے اجلاس کے لیے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اپوزیشن کے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط ارسال کردیا ہے۔ عامر ڈوگر نے اسپیکر ایاز صادق کو ارسال کردہ خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اپوزیشن کے گرفتار 9 ارکان کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں، کسی بھی حلقے کو قومی اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تمام گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں اور درخواست کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 108 کے تحت پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں۔
