اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): حکومت اپوزیشن کے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں یا ڈیڈلاک برقرار ہے؟ متضاد بیانات سے صورت حال غیر واضح ہے۔ آئی آر کے نیوز ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن قائدین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، محمود خان اچکزئی نے ٹیلی فون پر بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سےگفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی، پھر کوئی فیصلہ ہوگا، بانی سے ملاقات کے بغیرکوئی اعلان یا فیصلہ ممکن نہیں، اس بات تک محدود رہو کہ بانی سےملاقات ہوگی تو ہی فیصلہ ہوگا، حکومت کو کہیں بانی سے پوچھ کر آپ کو اس کا فیصلہ بتائیں گے۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی سے علامہ ناصر عباس نے بھی مذاکرات کے وقفےکے دوران گفتگو کی۔ اس دوران دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بانی سے ملاقات کے بغیرلانگ مارچ ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محموداچکزئی اور علامہ ناصرعباس بانی سے مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلوں کے حامی ہیں۔
