پشاور (آئی آر کے نیوز): سکیورٹی خدشات کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر، ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع ٹانک میں آمدورفت اور مختلف اقسام کی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا اور اعظم ورسک میں لوڈر رکشوں، سنگل و ڈبل کیبن کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر اور ڈمپرز کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو یکم اکتوبر رات 9 بجے سے 10 اکتوبر رات 9 بجے تک نافذ رہے گی۔ اِسی طرح اپر میں بھی لوڈر رکشوں، کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر، ٹریکٹر ٹرالی اور ڈمپرز کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے، جو 3 سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ، کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل، گڑھ عبداللہ اور متعدد لنک روڈز پر آمدورفت محدود کردی گئی ہے، پابندی 4 سے 6 اکتوبر تک صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گی، جبکہ پوٹہ ہتھالہ بازار بھی بند رہے گا۔
