اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، اس مجوزہ فیصلے سے متعلق صوبائی حکومت کو پیغام بھی پہنچا دیا گیا ہے، وزیر اعظم کی زیر صدارت آج ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق غور کے پیش نظر وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس جلد طلب کیے جانے کا امکان ہے، جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ایوان صدر میں بھی آج اعلیٰ سطحی اجلاس کا امکان ہے جس میں صدر اصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوں گے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا وفد بھی شریک ہوگا، اجلاس میں سیاسی صورتحال اور مذاکرات پر تبادلہ کیا جائیگا اور پختونخوا کے سیاسی مستقبل اور لانگ مارچ کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔
