اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر مولانا عطاالرحمان نے وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبے کی حالت کو سنگین قرار دیا اور کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے، آپ خدانخواستہ ملک توڑنے کی ابتدا کر رہے ہیں اور خیبرپختونخوا کو لہولہان دیکھنا چاہتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خون کے آنسو رو رہے ہیں اور آپ کو اپنے بلوں کی پڑی ہوئی ہے، خیبرپختونخواہ میں لاشیں اٹھ رہی ہیں اور ہمیں بات کرنے کی اجازت نہیں ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ خدانخواستہ ملک توڑنے کی ابتدا کر رہے ہیں، ہم ملک کو توڑنا نہیں چاہتے، کیوں آپ خیبرپختونخواہ کو لہو لہان دیکھنا چاہتے ہیں، لکی مروت کی صورت حال دیکھیں، نورنگ بازار میں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں، ہم بار بار کہہ چکے ہیں اس پر ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے تاکہ صورت حال واضح ہو لیکن نہیں بلایا جا رہا ہے۔
