ڈھاکہ (آئی آر کے نیوز): بنگلادیش نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور توانائی بحران کے باعث ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں عید تک بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے عید کی تعطیلات وقت سے پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آج سے ملک بھر کی یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔
حکومت کے مطابق یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ملک میں بجلی اور ایندھن کی بچت کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کی کھپت میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا، جس کے نتیجے میں ایندھن کے ضیاع کو بھی کم کیا جا سکے گا۔
