راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے لاہور میں بسنت منائی جا رہی ہے اور بسنت کے دن آسمان بانی پی ٹی آئی کی پتنگوں سے بھر جائے گا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ لگتا ہے ججوں نے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں، ان کی شکلوں پر لکھا ہے وہ بے بس ہیں، غریب پولیس والوں کو زبردستی عدالت میں جھوٹ بلوایا جا رہا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ لوگوں کو عدالتوں سے انصاف کی توقع ہوتی ہے لیکن پیغام دیا جا رہا ہے موجودہ سسٹم میں عوام کی امید کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، ہم بھی عدالتوں میں پیش ہوکر وقت گزار لیتے ہیں، مجھے معلوم ہے انہوں نے سزا ہی دینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کو بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، عمران خان وجہ سے ان کو لاہور میں بسنت منائی جا رہی ہے، بسنت کے دن آسمان بانی پی ٹی آئی کی پتنگوں سے بھر جائے گا۔
