کراچی (آئی آر کے نیوز): وفاقی حکومت کے ترجمان برائے سندھ راجہ انصاری نے کہا ہے کہ کراچی نے بانی پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا ہے، پی ٹی آئی کو شہر قائد میں جلسے کی اجازت نہ دی جائے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ انصاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کراچی نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور ایسے لوگ جو دہشت گردوں کے سپورٹرز ہوں، انہیں سپورٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کو کراچی میں جلسے کی اجازت نہ دی جائے۔
راجہ انصاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آمریت کے خلاف سیاست کی ہے اور وفاق پی ٹی آئی کے صرف ان لوگوں سے ڈائیلاگ کرے گا جو قانون اور آئین کو مانتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ گورنر سندھ مسلم لیگ ن کا ہوگا۔ گزشتہ جمعہ کو تحریک انصاف نے پورے شہر قائد کو یرغمال بنائے رکھا۔ میں نے کل فوٹیجز دیکھیں اور کہیں بھی 500 سے زائد افراد موجود نہیں تھے۔ افغان شہری بھی ان کے ساتھ تھے اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف غلط الفاظ استعمال کیے گئے۔
