پاکستانیوں کی اوسط آمدنی 97 فیصد اضافے سے 82 ہزار روپے ماہانہ ہوگئی، حکومتی سروے



 اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): حکومت کے ہاؤس ہولڈ سروے کے مطابق پاکستانی شہریوں کی اوسط آمدن میں 97 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ماہانہ اوسطاً آمدنی 82 ہزار روپے ہوگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حکومت کے ہاوٴس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران شہریوں کی اوسط آمدنی میں 97 فیصد اضافہ ہوا جب کہ 2019ء سے 2025ء تک گھریلو اخراجات 113 فیصد بڑھ گئے، ملک میں اوسطا ماہانہ آمدن 82 ہزار اور اخراجات 79 ہزار روپے ہیں۔

سروے کے مطابق اخراجات میں سب سے زیادہ فرنشنگ، گھریلو آلات، ہیلتھ، فوڈز، گڈز اینڈ سروسز پر ریکارڈ کیے گئے، بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ذاتی ملکیتی گھروں کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

سروے کے مطابق 2018،19 میں 84 فیصد لوگوں کے پاس اپنے گھر تھے جبکہ موجودہ سروے میں 82 فیصد لوگوں کے پاس اپنے گھر ہیں، کرائے کے گھروں میں رہنے والوں کی تعداد 10 فیصد سے بڑھ کر 10.5 فیصد ہوگئی۔

ہاوٴس ہولڈ اکنامک سروے رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کلین فیول کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، پانچ سال میں کلین فیول کا استعمال 35 فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد ہوگیا ہے، لائٹنگ اور کوکنگ کیلئے نیچرل گیس، ایل پی جی، بائیو گیس، سولر انرجی کا استعمال بڑھ گیا۔

ہینڈ پمپ سے پانی استعمال کرنے والوں کی شرح 24 فیصد سے کم ہو کر 22 فیصد ہوگئی جبکہ نل سے پانی استعمال کرنے والوں کی شرح 18 فیصد سے بڑھ کر 22 فیصد ہو چکی ہے، اسی طرح فلٹر کا پانی استعمال کرنے والوں کی شرح 9 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

جدید تر اس سے پرانی