راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): علیمہ خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کا کیا لائحہ عمل ہے یہ ہم ابھی نہیں بتا رہے تاہم ڈی چوک کوئی نہیں جارہا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پتا نہیں جھوٹے کیسز پر کیوں وقت ضائع کیا جارہا ہے، پچاس سے ساٹھ ججز کو عدالتوں سے ہٹایا گیا ہے، جو ججز ضمیر کے مطابق فیصلے کرنا چاہتے تھے وہ سب ہٹائے گئے، عدلیہ سے کہنا چاہتی ہوں انصاف کا نظام تو دفن ہو چکا ہے، بانی پی ٹی آئی رول آف لاء کی بات کر رہے ہیں، جج سے پہلے ٹی وی پر اینکر بتاتے ہیں کیا فیصلہ آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام ٹیکس اپنی سہولیات اور انصاف کیلئے دیتے ہیں، یہ واضح ہے کہ بندوق سے اس ملک میں سب کچھ نہیں چلایا جا سکتا، بانی پی ٹی آئی کا کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کیوں نہیں سن رہی، کیوں چیف جسٹس ڈوگر بانی کے وکالت نامے سائن نہیں کرانے دیتے، سب نے دیکھا کراچی میں لوگ بڑی تعداد میں نکلے، عوام زیادہ دیر تک ان کو برداشت نہیں کرسکتی، ان کو جلدی ہے علیمہ خان کو 8 فروری سے قبل جیل بھیج دو۔
