بچے کے مین ہول میں گرنے کی خبر چلنے پر انتظامیہ غائب، امدادی کام چندہ جمع کرکے کیا گیا

 کراچی (آئی آر کے نیوز): شہر قائد میں کمسن بچے کے مین ہول میں گرنے کی خبر چلنے پر انتظامیہ پراسرار طور پر غائب ہو گئی جب کہ امدادی کام بھی چندہ جمع کرکے کیا گیا۔

گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے سامنے کھلے مین ہول میں گرنے والے کمسن بچے کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا جب کہ انتظامیہ میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد پراسرار طور پر غائب ہوگئی تھی۔

چھیپا، ایدھی اور شہریوں نے نہ صرف اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں حصہ لیا بلکہ چندہ جمع کر کے کھدائی کے لیے مشینری بھی منگوائی گئی۔ اس موقع پر موجود مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائرجلا کر ٹریفک کو معطل کردیا۔

مشتعل افراد نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور میڈیا ہاؤسز کی گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے شیشے تور دیے اور نمائندوں کو زد و کوب کیا۔ بچے کی والدہ اور دا دا نے بھی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ڈوبنے والے بچے کی شناخت ابراہیم کے نام سے کی گئی ، جو شاہ فیصل نمبر 5 کا رہائشی اور ماں باپ کی اکلوتی اولاد ہے ۔ ابرہیم کے دادا مودالحسن نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بولٹن مارکیٹ میں کپڑے کا کاروبار کرتے ہیں جب کہ ابرہیم کے والد کا چائے کی پتی کا کاروبار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ اجتماع گاہ میں تھے، جب ان کے بیٹے نے ابراہیم کے نالے میں گرنے کی اطلاع دی۔

انہوں نے مئیر کراچی ، وزیر اعلیٰ سندھ ، گورنر سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ ان کے بچے کی تلاش میں ان کی مدد کریں کیونکہ بچے کی والدہ اور والد کا رو رو کر برا حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ابراہیم کے مین ہول میں گر کر لاپتا ہونے کی خبریں نشر کی جا رہی ہیں، اس کے باوجود انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔

انہوں نے کہا کہ میں شکر گزار اور دعا گو ہوں ان شہریوں ، چھیپا اور ایدھی سمیت دیگر ریسکیو اداروں کا جو ابراہیم کو ڈھونڈنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہے ہیں۔


واقعے کی اطلاع ملنے پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار موقع پر پہنچے تو مشتعل افراد نے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جس کے بعد وہ وہاں سے واپس چلے گئے تاہم انہوں نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے واقعے کا ذمے دار مئیر کراچی کو قرار دیا۔

جدید تر اس سے پرانی