اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے ملیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا تھا قومی ائیرلائن ایک زمانے میں بہت اچھی ائیرلائن تھی، اب تک قومی ایئرلائن کے 100 طیارے ہونے چاہییے تھے، آج قومی ائیرلائن کے صرف 18 جہاز چل رہے ہیں، قومی ائیرلائن کے آپریشنل 18 میں سے 12 طیارے لیز پر ہیں، ائیرلائن سالانہ 40 لاکھ مسافروں کوسہولت فراہم کرتی ہے، قومی ائیرلائن کے لینڈ روٹس سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا قومی ائیرلائن کے ملازمین کی تعداد 6 ہزار 700 ہے اور ہفتہ وار قومی ائیرلائن 240 راؤنڈ ٹرپس کر رہی ہے، قومی ائیرلائن کے پاس کل 33 طیارے ہیں، 20 طیارے اپنے ہیں جبکہ 13 لیز پر ہیں، 24 طیارے 2010 سے پہلے کے ہیں۔
