
لاہور (آئی آر کے نیوز): سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کو پولیس حراست سےفرار ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سابق اے ڈی سی آر سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کے خلاف ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے کروڑوں روپے کی رشوت وصولی کے الزام پر کیس زیر سماعت ہے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ 13 نومبر کو اقبال سنگھیڑا کو لاہور سے راولپنڈی اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کیلئے لایا گیا تھا جہاں چکری موٹروے ریسٹ ایریا سے ملزم اقبال ڈرامائی انداز میں فرار ہوگیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے فرار ہونے کے بعد اس کا مقدمہ تھانہ چکری میں درج کیا گیا تھا جس میں راولپنڈی پولیس کے اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو نامزد کیا گیا تھا۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے اقبال سنگھیڑا کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے ملزم کو گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا ہے۔