
لاہور (آئی آر کے نیوز): پاناما کیس سے متعلق الزامات لگانے پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی، سیشن کورٹ لاہور نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کو بیان قلمبند کروانے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی کی عدالت نے پانامہ کیس پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کیخلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کے معاون کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
معاون وکیل نے استدعا کی کہ آج وفاقی وزیر عطا تارڑ کا بیان قلمبند نہ کیا جائے، کیوں کہ سینئر وکیل موجود نہیں ہیں، ہمیں 2024 میں داخل کرائے گئے بیان حلفی پر اعتراض ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ ہم عطا اللہ تارڑ کا بیان ریکارڈ کرا لیتے ہیں، ہم تحریری طور پر کوئی چیز نہیں دیں گے۔
فاضل عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ پھر تو اعتراض ہی ختم ہوگیا عدالت میں عطا تارڑ کا بیان ریکارڈ کروایا جائے۔
بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے شہباز شریف کے دعوی پر سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اپریل 2017 میں الزام لگایا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر چپ رہنے اور موقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔