
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی آئینی عدالت میں آج سے مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوگیا، چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے 3 بینچ تشکیل دے دیے جبکہ مزید 2 ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی آئینی عدالت میں آج سے مقدمات کی سماعت شروع ہوگئی، چیف جسٹس امین الدین خان نے 3 بینچ تشکیل دے دیے۔
بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس ارشد حسین شامل ہیں جبکہ بینچ نمبر 2 جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل ہے۔
بینچ نمبر 3 میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان بریچ شامل ہیں۔
دریں اثنا، وفاقی آئینی عدالت کے دو مزید ججز نے حلف اٹھا لیا، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے وفاقی آئینی عدالت کے جج کا حلف اٹھا لیا، وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے ججز سے حلف لیا، وفاقی آئینی عدالت کے جج کی تقریب حلف برداری اسلام آباد ہائی کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوئی۔
چیف جسٹس امین الدین خان سمیت وفاقی آئینی عدالت کے 7 ججز پہلے ہی اپنے عہدوں کا حلف اٹھا چکے ہیں۔
دریں اثنا، آئینی عدالت کےاسلام آباد ہائی کورٹ بلڈنگ آنے کے بعد کورٹ رومز کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر بدستور کورٹ ون میں سماعت کریں گے، چیف جسٹس آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کورٹ ٹو میں بیٹھیں گے، کورٹ ٹو سے جسٹس محسن اختر کی عدالت جسٹس میاں گل اورنگزیب کی عدالت میں منتقل کردی گئی ہے۔
آئینی عدالت کے ججز جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی سیکنڈ فلور پر بیٹھیں گے، اسلام آباد ہائی کے جسٹس محمد آصف اور جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالتیں بھی سیکنڈ فلور پر قائم کی گئی ہیں۔
عدالتوں کی منتقلی کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو ججز کی سماعت کی کازلسٹ منسوخ کردی گئی، جسٹس محمد آصف اور جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالتوں میں آج مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی۔