
لاہور (آئی آر کے نیوز): لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے استعفیٰ دے دیا، جسٹس شمس محمود مرزا نے صدر پاکستان کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔
ہفتے کے روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد مستعفی ہوگئے، اور اپنا استعفیٰ منظوری کے لیے صدر آصف علی زرداری کو بھجوا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئینی ترمیم کے بعد جسٹس شمس محمود مرزا کے تبادلے کا امکان تھا، جس پر انہوں نے بطور جج لاہور ہائی کورٹ اپنا استعفیٰ صدر کو بھیج دیا ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اسی طرح سپریم کورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت میں شمولیت سے معذرت کرلی تھی۔
جسٹس امین الدین کو وفاقی آئینی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا، آئینی ترمیم کے مطابق موجودہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی مدت ملازمت تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے، تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ یا وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس صاحبان میں سے سینئر جج ہی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حق دار ہوگا۔