لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے فرنچائز حقوق آئندہ 10 سال کیلئے خرید لیے

 LQ vs PZ PSL schedule 2025

لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی موجودہ مینجمنٹ اور مالکان نے اگلے 10 سال کے لیے ٹیم کے حقوق خرید لیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پی ایس ایل کی دو نمایاں اور تجارتی طور پر سب سے کامیاب فرنچائزز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے اپنے فرنچائز حقوق مزید 10 سال کے لیے تجدید کردیے ہیں۔

یہ معاہدے لیگ کی اگلے سال 11ویں ایڈیشن سے 8 ٹیموں تک توسیع سے قبل کیے گئے ہیں جو عالمی آڈٹ فرم ارنسٹ اینڈ ینگ کی جانب سے طے کردہ مارکیٹ ویلیو کی بنیاد پر حتمی شکل دیے گئے اور انہیں پی سی بی نےجامع اور شفاف عمل قرار دیا ہے۔

پی ایس ایل کی سب سے قیمتی فرنچائز اور گزشتہ 4 میں سے 3 سیزنز کی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز کی قیادت پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی کرتے ہیں، حقوق کی تجدید کرنے والی پہلی ٹیموں میں شامل تھی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ لاہور قلندرز اپنے موجودہ مالکان کے ساتھ ہی رہیں گے، قلندرز کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا نے اس فرنچائز کو پاکستان بھر میں ایک جانا پہچانا نام اور دنیا بھر میں ایک معتبر برانڈ بنانے کے لیے انتہائی محنت کی ہے۔

لاہور قلندرز کی طرح، پشاور زلمی بھی لیگ کا ایک نمایاں برانڈ اور 2017 کی چیمپیئن ٹیم ہے، جس نے بھی پیر کو اپنے مزید 10 سالہ حقوق کی تجدید کرلی۔

پی سی بی کے مطابق مالک جاوید آفریدی کی قیادت میں یہ فرنچائز لیگ کے سب سے مضبوط فین بیس میں سے ایک بنا چکی ہے اور گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹیم تھی۔

محسن نقوی نے جاوید آفریدی کے وعدے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے زلمی برانڈ کو پاکستان کی سب سے متحرک اور قابل تعریف سپورٹس فرنچائزز میں تبدیل کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاوید آفریدی کا وژن ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ترقی میں انتہائی اہم رہا ہے، حقوق کی تجدید کا ان کا فیصلہ لیگ کے مستقبل کی صلاحیت پر پختہ اعتماد ظاہر کرتا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی