جوئے کی ایپس کی تشہیر، عروب جتوئی عدالت طلب، ڈکی بھائی کو قید کا سامنا

 ducky bhai ties the knot with aroob jatoi

لاہور (شوبز ڈیسک): جوئے کی ایپلی کیشن کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے کیس میں عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی بیوی عروب جتوئی کو طلب کرلیا جب کہ ڈکی بھائی کے خلاف بھی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے چالان عدالت میں جمع کرادیا۔

ڈکی بھائی 20 اگست سے این سی سی آئی کی تحویل میں ہیں جب کہ ان کی اہلیہ عروب جتوئی قبل از گرفتاری ضمانت پر ہیں لیکن اب عدالت نے انہیں آئندہ ماہ نومبر کے آغاز میں طلب کرلیا۔

نجی ٹی وی سماء کے مطابق عروب جتوئی کو لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے طلب کرلیا جب کہ این سی سی سی آئی نے دیگر ملزمان کو بھی نوٹسز جاری کردیے۔

ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کے خلاف جوئے کی ایپلی کیشن کی تشہیر کے کیس کی سماعت جوڈیشل میجسٹریٹ نے کی۔

جوڈیشل میجسٹریٹ نے کیس کی سماعت 3 نومبر 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے عروب جتوئی کو طلب کرلیا تاکہ کیس کی کارروائی مزید آگے بڑھائی جا سکے۔

اسی کیس میں گزشتہ ہفتے این سی سی آئی اے ڈکی بھائی اور دیگر افراد کے خلاف چالان ڈسٹرکٹ کورٹ میں جمع کرایا تھا۔

چالان میں ڈکی بھائی، ان کی بیوی عروب جتوئی اور ان کے منیجر سبحان کو مرکزی ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ یوٹیوب اسٹار اقرا کنول کے شوہرکو بھی اس کیس میں مفرور قرار دیا گیا ہے۔

چالان کے مطابق ڈکی بھائی نے اپنے جسمانی ریمانڈ کے دوران آن لائن جوئے کو فروغ دینے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا کہ انہوں نے جوئے کی تشہیر سے کروڑوں روپے کمائے اور ان کے دو بینک اکاؤنٹس میں 21 کروڑ روپے پائے گئے۔

چالان میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈکی بھائی کی بیوی عروب جتوئی بھی جوئے کی تشہیر کی سرگرمیوں میں ملوث تھیں۔

اسی حوالے سے ایک ویب سائٹ نے وکلا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ این سی سی آئی اے کے چالان میں ڈکی بھائی پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کے تحت یوٹیوبر کو قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق جرم ثابت ہونے پر ڈکی بھائی کو 7 سال قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی