
کراچی (آئی آر کے نیوز): پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی ازسر نو اپگریڈیشن کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں آئندہ ماہ سے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہوگا، تمام پرانے اسٹینڈز کو گرا کر ری ماڈلنگ کی جائے گی، اسٹیڈیم کا نظارہ بہتر کرنے کے لیے اسٹینڈز کے باہر نصب جنگلے ختم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے انکلوژرز کا ڈیزائن قذافی اسٹیڈیم لاہور سے مشابہہ ہوگا جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں اسٹینڈز پر چھتوں کی تنصیب بعد میں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی سی ڈی اے کے تعاون سے اسلام آباد میں نیا اسٹیڈیم بھی تعمیر کر رہا ہے، اسلام آباد میں بننے والے نئے کرکٹ اسٹیڈیم کا انتظامی کنٹرول سی ڈے اے کے پاس ہوگا، پی سی بی کو اسٹیڈیم میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک میچز کے انعقاد کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں اسٹیڈیمز اپگریڈیشن کے لیے 18 ارب روپے مختص کیے تھے، پہلے فیز میں تعمیراتی کاموں پر ساڑھے 10 ارب کے فنڈز خرچ کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی گئی تھی، جس کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے افتتاح کیا تھا۔
رواں سال فروری میں پایہ تکمیل کو پہنچنے والی تزئین و آرائش میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید معیار کے ڈریسنگ روم، ہاسپٹیلٹی باکسز تعمیر کیے گئے ہیںِ اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کی بہتری کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی تھیں۔
اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز اور 5 ہزار سے زائد نئی کرسیوں کا اضافہ کیا گیا تھا۔