
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): خیبرپختونخوا کابینہ میں غیرمنتخب افراد کی شمولیت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان اسمبلی نے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ممبران اسمبلی نے کابینہ سے متعلق فائنل تجاویز پیش کیں۔
حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 92 کامیاب ممبران کے باوجود غیرمنتخب افراد کو کابینہ میں شامل کرنا زیادتی ہے۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے کہا کہ صرف منتخب ارکان کو وزیر، مشیر اور معاونین خصوصی کو کابینہ میں شامل کیا جائے، غیرمنتخب افراد کی کابینہ میں شمولیت کا راستہ روکنے سمیت احتجاج بھی کریں گے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کرلی گئی جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں 8 سے 10 اہم محکموں کے وزرا کا اعلان ہوگا جب کہ باقی وزرا کےنام بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد فائنل کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی صوبائی کابینہ میں نئے اور پرانے دونوں چہرے شامل ہوں گے ، اہم محکمہ کے وزرا کا جلد اعلان ان محکموں کے امور کو متاثر ہونے سے بچانے کے لئے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات صوبائی حکومت کے امور اور نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کے لیے ضروری ہے۔