بلوچستان: "آدھی مدت کے بعد وزیراعلیٰ کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو ملے گا"

 — فوٹو: صوبائی اسمبلی بلوچستان فیس بک

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور صوبائی وزیر عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آدھی مدت کے بعد مسلم لیگ (ن) اپنی حکومت تشکیل دے گی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبدالرحمٰن کھیتران نے میڈیا سے گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت آدھی مدت کے بعد صوبے میں مسلم لیگ (ن) اپنی اتحادی حکومت تشکیل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ڈھائی سال کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا، جیسا کہ انتخابات کے بعد دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان اتحادی حکومت بناتے وقت طے پایا تھا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے چیئرمین، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کی مدتِ ملازمت بھی اس پاور شیئرنگ معاہدے میں شامل ہے۔

تاہم، عبدالرحمن کھیتران نے واضح کیا کہ یہ طے نہیں ہوا تھا کہ بلوچستان میں وزیراعلیٰ کا عہدہ دینے کے بدلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو وزیرِاعظم بنایا جائے گا۔

جدید تر اس سے پرانی