لاہور (آئی آر کے نیوز): جنوبی افریقہ کے خلاف2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 378 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سنوران متھوسوامی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، امام الحق اور سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان نے بھی 75 رنز بنائے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا رکھے تھے جبکہ سلمان علی آغا 52 اور محمد رضوان 62 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
تاہم محمد رضوان انفرادی اسکور میں 13 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 362 کے مجموعی اسکور پر 75 رنز بناکر متھوسوامی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں چھٹی وکٹ کے لیے 163 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
نئے آنے والے بلے باز نعمان احمد بھی اسی اوور میں ایک گیند کھیلنے کے بعد متھوسوامی کے گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اگلی ہی گیند پر ساجد خان بھی مارکرم کو کیچ تھما بیٹھے۔
378 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی نویں وکٹ گری جب شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنانے کے بعد متھو سوامی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، سلمان علی آغا پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو 93 رنز کے انفرادی اسکور پر اسپنر پرینیلن سبرائن کی گیند پر متھوسوامی کو کیچ تھما بیٹھے اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔
یوں پوری ٹیم کل کے 313 رنز میں 65 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئی، اور آخری 5 وکٹیں صرف 16 رنز کے اضافے سے گریں، جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسوامی نے 6، پرینیلن سبرائن نے 2 جبکہ کگیسو رابادا اور سیمن ہرمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود، امام الحق، سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے نصف سنچریز اسکور کیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلے دن ابتدائی سیشن میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گرگئی تھی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنانے کے بعد کاگیسو ربادا کا شکار بنے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان شان مسعود نے امام الحق کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق 7 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے وہ 93 رنز بنانے کے بعد سینوران متھوسامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔
سابق کپتان بابراعظم ایک بار پھر ناکام رہے، وہ 23 رنز ہی بناسکے جب کہ سعود شکیل کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔
ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، دن کے اختتام پر رضوان 62 اور سلمان علی 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔