
راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت میں استغاثہ کے آخری گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی۔
توشہ خانہ ٹو کیس آخری مرحلے میں داخل ہوتا دکھائی دے رہا ہے، پیر کے روز اڈیالہ جیل میں قائم اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں سماعت ہوئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو پیش کیا گیا، دوران سماعت استغاثہ کے آخری گواہ محسن ہارون پر جرح مکمل کرلی گئی۔
گواہ سے جرح عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے کی۔
عدالت کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی، دونوں ملزمان کو سیکشن 342 کے تحت سوال نامے فراہم کیے گئے ، اور آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی، عمران خان کو 29 اور بشریٰ بی بی کو بھی 29 سوالات پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا گیا ہے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی 8 اکتوبر کو آئندہ سماعت پر سوال نامے میں درج سوالات کے جوابات دیں گے۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور دیگر وکلا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔